عمران خان کی بیوقوفی نے ڈسکہ کا الیکشن ملک گیر انتخاب بنادیا‘ مریم نواز

178

ڈسکہ‘لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہعمران خان کی بیوقوفی نے ڈسکہ کا الیکشن ملک گیر انتخاب بنادیا۔ گزشتہ روز ڈسکہ میں جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ہمارے کارکنوں نے2018ء کی طرح ووٹ چوری ہونے نہیں دیا، عوام جاگ رہے ہوں تو کسی ووٹ چور اور ڈاکو کی کوئی ترکیب کام نہیں آتی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہاں ضمنی انتخابات میں نہ صرف مسلم لیگ کا شیر 21 سالہ ذیشان حکمرانوں کی نشست کی لالچ کی نذر ہوگیا بلکہ خود پی ٹی آئی کا ایک کارکن ان کی اپنی غنڈہ گردی کی بھینٹ چڑھ گیا، اگر مجھے پتا ہوتا کہ یہ نشست کی خاطر جانیں لیں گے تو صدقہ سمجھ کر یہ نشستیں انہیں دے دیتی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈسکہ نے ثابت کردیا کہ جب عوام جاگ رہے ہوتے ہیں تو کسی ووٹ چور اور ڈاکو کی ترکیب کام نہیں آتی، الیکشن سے پہلے ڈی پی او اور دیگر افسر اپنی مرضی کے لگائے اور الیکشن ڈے پر فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلایا گیا۔قبل ازیں مریم نوازنے سیالکوٹ کے حلقہ ڈسکہ روانگی سے قبل جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈسکہ کے الیکشن میں پریزائیڈنگ افسران نے بکنے سے انکار کیا، ضمنی الیکشن میں 2 قیمتی جانیں چلی گئیں، وہاں کے عوام نے جمہوریت کی جنگ لڑی ہے، ڈسکہ کے عوام نے ووٹ کو عزت دی ہے، ڈسکہ کے عوام نے آخری لمحوں تک اپنے ووٹوں پر پہرہ بھی دیا ہے،اگرپتا ہوتا کہ حکومت نے 2 جانیں لینی ہیں تو ڈسکہ کی سیٹ ویسے ہی دے دیتے ،20پولنگ اسٹیشنز پر رزلٹ تبدیل کیاگیا، وڈیو سامنے آئی جس میں پریذائیڈنگ آفیسرز نے بکنے سے انکار کیا، وہ وڈیوز میرے پاس ہے ، افسر یہ بات کر رہا ہے کہ کچھ لوگ گاڑی میں بیٹھ کر آئے اور کہا کہ آپ کو الیکشن کمیشن کی گاڑی میں بیٹھ کر نہیں جانا ہے، گاڑی میں سوار ان افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپ کو ووٹ کے ڈبے لیکر ہمارے ساتھ جانا ہے، جس پر پریذائیڈنگ افسر نے ان سے سوال کیا کہ آپ لوگ کون ہیں؟۔ ان وڈیوز سے تو یہ لوگ اب کھل کر سامنے آگئے ہیں،میں تو اب عمران خان ووٹ چور کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو بھی پتا ہے کہ عمران خان نہ پہلے آ سکے نہ اب آئیں گے، پی ٹی آئی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، ان کاشیرازہ بہت جلد بکھرے گا، حکومت نے پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے دھاندلی کا منصوبہ بنایا پھر بھی بری طرح ہار گئی، یہ بدترین ریاستی دہشت گردی کے باوجود ڈسکہ سے ہارے اور بے نقاب ہوئے، عوام نے آٹا اور چینی چوروں کو مسترد کردیا، ان کو عوام میں اپنے مقام کا پتا چل جانا چاہیے۔