کشمیری آزادی کی پُرامن جدوجہد کررہے ہیں‘ مشعال ملک

410

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کشمیری عوام پرامن رہ کر آزادی کی کوششیں اور احتجاج کرنے والوں میں سے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ آن لائن زوم ویبینارمیں شرکت کرتے ہوئے کہی، جس کا اہتمام دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے سینئر میڈیا پرسن خرم خان نےکیا تھا۔ مشعال ملک نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی کسی ایک کی نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کی مشترکہ جدوجہد ہے اور اس مقصد کو اجاگر رکھنے کے لیے مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جارحیت کبھی کم نہیں ہوئی۔ ظلم اتنا ہے کہ ٹیلی فون کے ذریعے بھی بات نہیں کی جا سکتی۔نہتے کشمیری عوام بھارتی فوجوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ بہیمانہ ظلم کے باوجود ہم نے70 سال سے کشمیر کی تحریک کو صرف اپنے ایمان کے جذبے پر زندہ رکھا ہوا ہے۔
زوم ویبینار سے بطور مہمان اعزازی خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے کہا کہ 73سال ہوگئے، کشمیر کا مسئلہ ہمارے سامنے کھڑا ہے۔ اب ہماری تیسری نسل اس مسئلے کو دیکھ رہی ہے۔ کیا ہم نے اپنی آنے والے نسل کو تیار کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ مودی ہمیشہ سے جنگ چاہتا ہے، یہ حکومت بھی مودی نے اسی طرح حاصل کی اور بھارتی سرکار اپنے مفادات کی خاطر میڈیا اینکر پرسن کے ذریعے پروپیگنڈا کر کے اپنی ہی قوم کو وقوف بنا رہی ہے۔
آن لائن ویبینار 2 حصوں پر پہلا حصہ انگریزی اور دوسرا اُردو پر مشتمل تھا،جس میں سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک سےکاروباری، ملکی و غیر ملکی، سیاسی و سماجی افراد سمیت صحافیوں نے شرکت کی۔

ریڈ پاکستان: نمیرہ محسن، مبشرانوراوراجمل جمیل رواں سال کے لیے نامزد

ریڈ پاکستان نے رواں سال کے لیے سیدہ نمیرہ محسن شیرازی کو گلف کے لیے صدر ، محمد مبشر انوار کو سعودی عرب کے لیے صدر اور اجمل جمیل کو سعودی عرب میں ادبی سرگرمیوں کے لیے نامزد کیا ہے۔ سیدہ نمیرہ محسن گزشتہ کئی برس سے تنظیم کے ساتھ وابستہ ہیں۔ محمد مبشر انوار معروف صحافی و کالم نگار، کئی برس سے مختلف روزناموں اور ویب سائٹس پر حالات حاضرہ پر تجزیہ لکھ رہے ہیں۔ اجمل جمیل پاکستان اسکول کے پرنسپل اور درس و تدریس سے منسلک ہیں۔ پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب، پاک اوورسیز میڈیا فورم جدہ، یونائیٹڈ میڈیا فورم، تخیل ادبی فورم اور سعودی عرب میں دیگر سیاسی ادبی مذہبی اور فلاحی تنظیموں کے اکابرین نے ریڈ پاکستان میں سیدہ نمیرہ محسن، محمد مبشر انوار اور اجمل جمیل کو نئی ذمے داریوں پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پی ڈی ایم اپنے مقاصد واضح کرے‘ مجیب الرحمن شامی

معروف صحافی و تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر پی ڈی ایم تو بنائی، تاہم ان کے مطالبات آج تک واضح نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو مل کر پاکستان کی جمہوریت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وہ سعودی دارلحکومت ریاض میں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کی جانب سے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر ویبینار کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس میں پاکستان کی سماجی جماعتوں نے بھرپور شرکت کی۔ مجیب الرحمن شامی کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو اپنی پالیسی واضح کرتے ہوئے مل کر اس کارواں کو منزل تک پہنچانا چاہیے۔ حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو نہیں پاسکی جب کہ حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی پر قابو پانا ہونا چاہیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر راجا یعقوب کا کہنا تھا کہ حکومت کو بس جھوٹے سیاسی مقدمے بنانا آتے ہیں جب کہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔ ن لیگ کے سینئر رہنما مرزا منیر بیگ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک حکومت کو گھر بھیجنے تک جاری رکھے گی۔ تقریب سے عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کی یمنی سفیر ڈاکٹر شائع الزندانی سے ملاقات

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجا علی اعجاز نے یمنی سفیرڈاکٹر شائع بن محسن الزندانی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے 30 دسمبر 2020ء کو یمن کے عدن ائرپورٹ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی، جس میں ملک کی نئی حکومت کی کابینہ کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
دریں اثنا پاکستانی سفیر نے سعودی عرب کے بین الاقوامی ابہا ائرپورٹ پر ڈرون حملوں کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے سعودی عرب کے ساتھ خطے کے امن اور سلامتی کو بھی خطرہ ہے۔ ہم ایسے حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق خطرات کے خلاف اس کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

مشاہد اللہ خان کے لیے دعائے مغفرت

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب، پاک اوورسیز میڈیا فورم جدہ، تخیل ادبی فورم، پاکستانی ایگزیکٹو فورم اور سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم کو غریق رحمت فرمائے اور لواحقین کو صبر ایوب سے نوازے۔ آمین

شفقت اللہ نیازی نے پی آئی اے مدینہ منورہ اسٹیشن کا چارج سنبھال لیا

ڈسٹرکٹ سیلز منیجر شفقت اللہ نیازی نے پی آئی اے مدینہ منورہ اسٹیشن کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر حج طارق محمود سے اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ شفقت اللہ خان نیازی نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور پی آئی اے کی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں گے۔

ای پی سی اے اورآر سی اے کےمابین انٹرسٹی میچوں کی تقریب تقسیم انعامات

سعودی عرب کے ساحلی شہردمام میں کرکٹ کے فروغ کی نمایندہ تنظیم ایسٹرن پروانس کرکٹ ایسوسی ایشن (ای پی سی اے) اور ریاض کی ٹی ٹوئنٹی نیشنل چیمپئن ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن (آر سی اے ) کے مابین انٹر سٹی میچ دمام میں کھیلے گئے، جس سے شائقین کی بڑی تعداد لطف اندوز ہوئی۔ ای پی سی اے اور آرسی اے کے مابین روایتی نمایشی مقابلے گزشتہ 35 برس سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
سعودی عرب میں انٹرسٹی میچوں کا درجہ ٹیسٹ کرکٹ کے برار ہوتا ہے، جس میں دونوں ایسوسی ایشنز اپنے بہترین کھلاڑیوں انتخاب کرکے ٹیمیں تشکیل دیتی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کی 2 میچوں کی سیریز آر سی اے نے ای پی سی اے کو 0-2 سے شکست دے کراپنے نام کی جبکہ 40 اوررز پرمشتمل 2میچوں کی انٹرسٹی میچوں کی سیریز ای پی سی اے نے اپنے نام کی۔ یوتھ میچوں میں جیت کا سہرا ای پی سی اے کے سر رہا۔ انٹر سٹی میچوں کے اختتام پر رنگارنگ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا، جس کی نظامت کے فرائض ابو الحسن نے بڑی خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ اس موقع پر ای پی سی اے کے صدر فرحت محمود نے شاندار مقابلوں پر دونوں ایسوسی ایشنوں کے کھلاڑیوں کو عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ آر سی اے کے سی ای او اور سعودی ٹیم کے سابق کپتان ندیم بابر نے اس موقع پر کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ اس طرز کی کرکٹ سے کھلاڑیوں میں اعتماد پیدا ہوتا ہے، جو بین الاقوامی مقابلوں میں منتخب ہونے کےکام آتا ہے۔انہوں نےآر سی اے کے پیٹرن انچیف پرنس ڈاکٹر جنرل عبدالعزیز بن ناصر بن عبدالعزیز آل سعود، چیئرمین محمد انوراور صدرطارق جاوید کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پیش کیا ۔