اسمبلیوں میں محنت کشوں کی نشستیں مختص کی جائیں، لیاقت ساہی

89

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیاسی و سماجی رہنما لیاقت علی ساہی نے پارلیمنٹ میں محنت کشوں کی نمائندگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں اسی طرح محنت کشوں کی بھی مخصوص نشستیں کم سے کم 5فیصد مختص کی جائیں اور اسی طرح سینیٹ میں بھی ٹیکنوکریٹ کی سیٹوں کی طرح محنت کشوں کی بھی سیٹیں مختص کی جائیں اس سے ملک کے پسے ہوئے طبقے کی پارلیمنٹ اور سیاسی پارٹیوں کے اندر بھی ترجمانی ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سیاسی پارٹیوں میں دولت مندوں کا قبضہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کے محنت کشوں، کسانوں اور متوسط طبقے کی آواز پارلیمنٹ میں ختم ہو کر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں میں محنت کشوں کا بد ترین استحصال اداروں کے سربراہان اور مالکان ملک کے دستور کے برعکس غیر آئینی پالیسیاں مرتب کرکے کر رہے ہیں اس کے خلاف پارلیمنٹ نے وفاقی اور صوبائی سطح پر منتخب نمائندوں کی جانب سے کوئی آواز بلندنہیں کی جارہی۔انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر ان منتخب نمائندوں کی ذمے داری ہے کہ وہ ملک کے دستور کے آرٹیکل 1 سے لے کر 40 تک شہریوں کے بنیادی حقوق کو جس طرح تحفظ فراہم کیا گیا اس پر اپنا مثبت کردار اداکرتے ہوئے نظر بھی آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں محنت کشوں کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے نہ وفاقی اور نہ ہی صوبوں کی سطح پر ورکرز کی ترجمانی کی جاتی ہے۔