لیاری کے 4 آراو پلانٹس بحال کردیے ، ناصرحسین شاہ

79

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے لیاری کے 4 آر او پلانٹس کی بحالی کے بعد افتتاح کر دیا ،جس میں ماڑی پو ر روڈ ، گرڈ اسٹیشن ، چاکیواڑہ ، پیپلز اسٹیڈیم شامل ہیں۔اس موقع پر پی پی پی رکن سندھ اسمبلی شازیہ سا نگھڑ ، پی پی پی ساؤتھ کے صدر خلیل ہوت، ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان اور دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شا ہ نے کہا کہ ابتدائی طور پر ان آر او پلانٹس سے 2لاکھ گیلن روزانہ لیاری کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ جون تک 3 مراحل میں ان آر او پلانٹس کی گنجائش 10لاکھ گیلن روزانہ تک بڑھا دی جائے گی۔ انہو ں نے کہاکہ پانی لیا ری کا دیرینہ مسئلہ ہے ، سابق صدر آصف علی زرداری نے اس کے حل کے لیے لیاری کے عوام کو آر او پلانٹس کے نیٹ ورک کا تحفہ دیا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر یہ آر او پلانٹس 2019ء سے بند تھے۔ انہوں نے کہاکہ چیئر مین بلاول زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ اور انہیں لیا ری کے تمام مسائل حل کرنے اور ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی خصو صی ہدایات جاری کی ہیں، جس میں پانی کی فراہمی بھی شامل ہے۔ انہوںنے کہا کہ آج مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ سندھ حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیاہے اور بند آر او پلانٹس کو بحال کرنے کا آغا ز ہو گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ کیماڑی ٹاؤ ن میں نانی گوٹھ، پانچ سو کوارٹرزاور مواچھ گوٹھ کے علاقے میں بھی آر او پلا نٹس آپریشنلائز کر دیے گئے ہیں تاکہ وہاں کے لوگوں کو پانی کی سہولت مل سکے۔