سینیٹ الیکشن کیلیے صدارتی آرڈیننس کا نفاذ بد نیتی ہے‘صوبائی وزیر

77

کراچی(اسٹاف رپور ٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدراتی آرڈیننس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن کے لیے صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتی ہے۔ کیونکہ سینیٹ الیکشن کے لیے صدارتی آرڈیننس بدنیتی پر مشتمل ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدراتی آرڈیننس کا مقصد تحریک انصاف میں ہونے والی بغاوت کو کچلنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی کے باعث اس کے اپنے اراکین اسمبلی نالاں ہیں اور ان اراکین اسمبلی کو قابو کرنے کے لییصدارتی آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی ناکامی بھی سلیکٹیڈ حکومت کی نااہلی کے باعث ہوئی ہے اور اب وفاقی حکومت بوکھلا کر الٹے سیدھے فیصلے کررہی ہے ۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ عوام بھی مہنگائی کے باعث موجودہ وفاقی سے عاجز آگئے ہیں۔ سینیٹ الیکشن میں سلیکٹڈ حکومت کو اپنی ناکامی صاف نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آنے سے قبل صدراتی آرڈیننس کا نفاذ دھاندلی کی ابتداہے۔ عوام اب کسی تبدیلی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے بلکہ نا اہل وفاقی حکومت کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے عدالت عظمیٰسے استدعا کی کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے تاکہ سینیٹ الیکشن میں پونے والی مبینہ دھاندلی کو روکا جاسکے۔