اربوں ر وپے ٹیکس وصول کرنیوالے بنیادی ضروریات بھی فراہم نہیں کررہے‘ حافظ نعیم

190

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کے تحت اتوار کے روز گلشن اقبال میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت کے لیے الخدمت لیبارٹری کلیکشن پوائنٹ کا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے افتتاح اور دورہ کیا اورجماعت اسلامی اور الخدمت کے ذمہ داران کی کوششوں کو سراہا ۔تقریب سے چیئرمین ڈائگنوسٹک بورڈ الخدمت ہارون قاسم، الخدمت کراچی کے سی ای اونوید علی بیگ ،پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹرنائلہ طارق، امیر ضلع شرقی شاہد ہاشمی، انجینئر صابر احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سکریٹری ضلع ڈاکٹر فواد، نائب امراء ضلع نعیم اختر، انجینئر عزیز الدین ظفر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگلے 2 سال میں کراچی میں 25کلیکشن پوانٹس کا اضافہ ہو گا۔ الخدمت کے تحت شہر بھر میں ہیلتھ سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں جہاں عوام کو کم سے کم ریٹ پر بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ بنیادی طور پر عوام کو صحت کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔ کرپٹ حکمران اپنی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے عوام کو بنیادی ضرورت بھی فراہم نہیں کر رہے ہیں۔حکمران عوام سے اربوں روپے کا ٹیکس تو وصول کرلیتے ہیں لیکن ریلیف فراہم نہیں کرتے۔الخدمت اس صورتحال میں کراچی کے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے کام کررہی ہے۔ الخدمت ہیلتھ سینٹر کے تحت شہر میں بڑے پیمانے پر کام کررہی ہے۔شہر کراچی میں بہت جلد ایک آغوش سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔ شہر بھر میں 43مقامات پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں۔ کراچی کے عوام الخدمت کی سرگرمیوں اور فلاحی کاموں کو آگے بڑھانے کے لیے الخدمت کا ساتھ دیں۔ہارون قاسم نے کہاکہ الخدمت کی کاوشوں سے آج ضلع شرقی میں بھی کلیکشن پوائنٹ کا افتتاح کیا گیا ،عوا م کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا بنیادی طور پر حکومت کا کام ہے لیکن اس کے باوجود الخدمت اور جماعت اسلامی اہل خیر کے تعاون سے شہر بھر میں عوام کی سہولت کے لیے کلیکشن پوائنٹ کے قیام ممکن ہوسکا۔نوید علی بیگ نے کہاکہ ہزاروں بچوں کی خدمت سمیت بے شمار فلاحی خدمات الخدمت انجام دیتا ہے ،عوام کے تعاون سے ہی الخدمت کی خدمات کا دائرہ وسیع تر ہوتا جارہا ہے ،عوام کے معیار کے مطابق صحت کی بین الاقوامی سطح معیاری سہولیات بھی فراہم کررہے ہیں۔ڈاکٹر نائلہ طارق نے کہاکہ ناظم آباد سمیت دیگر مقامات پر کوویڈ کے حوالے سے عوام کی خدمت جاری ہیں ،ہماری کراچی میں 9لیبارٹریز ہیں ،الخدمت کی ضلعی سطح پر فلاحی خدمات جاری ہیں ۔شاہد ہاشمی نے کہاکہ یہاں لیبارٹری کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے الخدمت نے قائم کی اور ان شاء اللہ مستقبل میں گلشن اقبال میں مزید لیبارٹیز قائم کی جائے گی ۔