پنجاب‘ کئی شہروں میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر

369

اسلام آباد/ لاہور (خبر ایجنسیاں) پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند چھائی رہی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانگا منڈی، پھول نگر ، پتوکی، جمبر، رینالہ خورد، اختر آ باد، اوکاڑہ میں دھند کا راج رہا جبکہ قومی شاہراہ پر ان علاقوں میں حدِ نگاہ 40میٹر رہی ۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں میں آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک اور موٹر وے ایم تھری لاہور سے رجانہ تک عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ، گوپس منفی3، اسکردو، پارا چنار منفی 2 اور بگروٹ میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔