قوم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ‘اسپیکرقومی اسمبلی

206

اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مریم نواز نے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگا کر لسانیت کو ہوا دی ہے ،قوم کو تھوڑی بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ،جلد حکومت ان مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی ، ملک کی تمام قوموں اور صوبوں کو اپنا حق ملنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنے حلقہ انتخاب کے گاؤں گاڑ میں سوئی گیس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت کرنے والے کبھی بھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ ایک سیٹ کے لیے علاقائی تعصب کا نعرہ لگانا قوم کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے، اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں، 70 سال سے حکومت میں رہنے والوں کی وجہ سے ملک کا یہ حال ہوا ہے،تمام بڑے اداروںکو خسارے کا سامنا ہے ،جس میں پی آئی اے اور اسٹیل مل شامل ہیں،اقتدار سنبھالا تو خزانے میں تنخواہ دینے کے پیسے نہیں تھے،ہمسایہ اور دوست ملکوں کی امداد سے ملک کی معیشت کوسہارا ملا ہے، ملک مشکل دور سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزان ہو چکا ہے، قوم کو تھوڑی بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا بہت جلد حکومت ان مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی۔