شفاف انتخابات کیلیے الیکٹرونک ووٹنگ اور بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کا انتظام کررہے ہیں‘ حکومت

268

سیالکوٹ(اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں شفاف الیکشن کے لیے حکومت الیکٹرونک ووٹنگ کی طرف جارہی ہے ، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے لئے انتظامات کر رہے ہیں،ملک میں شفافیت لانے والے وزیراعظم کے خلاف سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں ،پی ٹی آئی کے ڈسکہ سے امیدوار علی اسجد ملہی الیکشن جیت چکے ،الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر انتخابی نتائج کا اعلان کرے ،ڈسکہ کے عوام نے نواز شریف کے بیانیے’دھونس،پیسے اور بندوق کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔ وہ اتوار کو ڈسکہ میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری ،وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق ،عثمان ڈار اور علی اسجد ملہی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے وزرا کے ساتھ پی ٹی آئی کے جاں بحق ہونے والے کارکنان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کی ۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ہم یہاں پر آئے ہیں سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ دھونس،پیسے، غنڈہ گردی،قتل و غارت کی سیاست کی ہے،اس الیکشن میں بھی انہوں نے اپنے اسپیشلسٹ لوگوں جن میں رانا ثنا اللہ،جاوید لطیف اور دیگر کو ڈسکہ اسی مقصد کے لیے بھیجا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنا غصہ اور دہشت گردی اس لیے ہے کہ نواز شریف کے بیانیے کو شکست ہورہی ہے، وزیرآباد کے الیکشن 2018ء کے الیکشن کے نتائج سمیت ہر الیکشن میں ہزاروں ووٹوں کا فرق ہے ۔ انہوں نے کہا ڈسکہ میں ن لیگ نے 40ہزار کی لیڈ لی تھی اور آج الیکشن ہار رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا بیانیہ نیا پاکستان اور تبدیلی کا ان کو ڈر ہے،پی ٹی آئی ایسے ہی جیتی رہی تو ان کی سیاسی اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی وزیراعظم جس سفر پر روانہ اور قافلے کی سربراہی میں ملک کو تبدیل کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اپوزیشن نے جس طرح منافقانہ رویہ اختیار کیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اکیلا ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے ،انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے الیکٹرونک ووٹنگ کی طرف جارہے ہیں ،سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے لیے انتظامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شفافیت لانے والے وزیراعظم کے خلاف سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں ۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ہم جیو ٹی وی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں ،پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ لوگوں نے جیو ٹی وی پر حملہ کیا ہے،اختلاف کسی سے بھی ہوسکتا ہے اگر ایسے حملے ہوئے تو میڈیا چل ہی نہیں سکتا ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈسکہ کے بہادر جرات مند اور غیور ساتھیوں کوعمران خان کے جانثار نظریے ساتھ جڑے نوجوانوں کی طاقت اور اہلیان ڈسکہ کو وزیراعظم کی طرف سے بھیجے گئے وفد کا خیر مقدم کرتی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن کو جعلی راجکماری نے جنگ کا نام لیا تھا ،اس کے کارندوں ،درباریوں اور حواریوں ، شاہی خاندان کے ذاتی ملازموں نے جس طرح الیکشن کو خون آلودہ کرنے کی سازش کی اور آج اس سازش کو اسٹیج پر کھڑے ہو کر قاتل کو اسٹیج پر اپنے ساتھ کھڑا کر کے جس طرح سے شاباش دی ،شہدا کے ورثا کے زخموں پر نمک پاشی کی۔