مسائل کا فوری حل ترجیح ہے، سمجھوتا نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ پختونخوا

158

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی منتخب عوامی نمائندہ ہونے کی حیثیت سے جن مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں ان کا تعلق براہ راست عوام کے ساتھ ہوتا ہے اور عوام کو درپیش مسائل کو بروقت حل کرکے انہیں ریلیف دینا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقائی سطح کے اجلاسوں کے دوسرے راؤنڈ میں کیاجو ہفتے کو مکمل ہوگیا، جس میں پہلے راؤنڈ کے اجلاسوں میں ارکان صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کیلیے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں کھلی کچہریوں کے باقاعدگی سے انعقاد کو یقینی بنائیں اور ان کچہریوں میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے ساتھ متعلقہ ارکان صوبائی اسمبلی کو ضرور مدعو کیا کریں۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنانے اور عوامی مسائل کے بروقت حل کیلیے ایک اہم قدم کے طور پر تمام ریجنز کے ماہانہ اجلاس منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، ان اجلاسوں میں منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات اور عوامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں جن کے حل کیلیے وزیراعلی اجلاس میں موجود صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہوں کو احکامات جاری کرتے ہیں جبکہ متعلقہ محکمے ان احکامات پر عملدرآمد کرکے اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کرتے ہیں۔ اس عمل سے ارکان صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت میں نمایاں بہتری آنے لگی ہے۔