تھرپارکرضمنی انتخاب: این اے 221 میں پولنگ کا عمل جاری

377

صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 221 کے انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔

تھرپارکر کے حلقہ این اے 221 میں  آج ضمنی انتخاب ہورہا ہے جس کے لیے حلقے کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

تھرپارکر حلقہ این اے 221 میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف  سمیت 12 امیدوار مدمقابل ہیں تاہم پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔

سندھ کے ضلع تھرپارکر کی یہ نشست پیپلزپارٹی کے پیر نور محمد شاہ جیلانی  کے انتقال پر خالی ہوئی تھی جبکہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار900 ہے۔

تھرپارکر حلقہ این اے 221 میں پولنگ عمل کے دوران 2000 سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔