ٹی 20 ورلڈکپ: پی سی بی کا بھارت کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ

485

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ضمانت نہ ملی تو آئی سی سی سے ٹی 20 ورلڈ کپ کو یواے ای میں منتقل کرانے کا مطالبہ کریں گے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت میں کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن کرکٹ کو سیاست سے دور رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے31 دسمبرتک بھارت سے تحریری ضمانت دلانے کا یقین دلایا تھا لیکن اگر بھارت نے ضمانت نہ دی تو ورلڈکپ یواےای میں کرانے کا مطالبہ کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ مارچ کے آخر تک ضمانت نہ ملی تو ٹورنامنٹ منتقل کرنے کی درخواست کریں گے۔

خیال رہے کہ کورونا کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈکپ 2021 آسٹریلیا سے بھارت منتقل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ ورلڈکپ کو ٹیکسوں سے استثنیٰ دلانے میں ناکام ہونے کے باعث آئی سی سی کا بھی بھارت سے ٹیکسوں کے ایشو پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ ٹیکس استثنیٰ نہ ملا تو ٹورنامنٹ کو بھارت سے منتقل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ مودی سرکارکی کھیلوں پر مسلسل سیاست کے باعث ٹی 20 ورلڈکپ کے بھارت میں انعقاد پرسوالیہ نشان کھڑا ہوگیا ہے، بھارت پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو ویزے کی تحریری یقین دہانی سے اب تک گریزاں ہیں۔