نوشہرہ میں شیر نے ان کو گھر میں گھس کر مارا، مریم نواز

415

ڈسکہ: مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب نتائج آنا شروع ہوئے تو پتہ چلا ڈسکہ اور وزیر آباد تو دور کی بات  نوشہرہ میں شیر نے ان کے گھر میں گھس کے ان کو مارا، عوام جاگ رہے ہوں توووٹ چورکی کوئی ترکیب کامیاب نہیں ہوتی،

ڈسکہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ کا شیر 21 سالہ ذیشان ان کی سیٹ کی لالچ کی نظر ہو گیا، جس بچے کی جان چلی گئی اس کے والد میرے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سب ان کے ساتھ دلی صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن کے خاندان سے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہیں اگر مجھے یہ پتہ ہوتا کہ یہ ڈسکہ کی سیٹ کی خاطر اتنے بے چین ہیں اور سیٹ کی خاطر یہ دو قیمتی جانیں لے لیں گے تو مسلم لیگ ن نواز شریف کے سر کا صدقہ وہ سیٹیں مفت میں ان کو دے دیتی، میں ووٹ چوروں کو کہنا چاہتی ہوں شرم کرو حیا کرو تم نے ایک گھر کا چراغ بھجا دیا، ان کے بچے کی جان گئی، ایف آئی آر اور مقدمہ ان کے اپنے بھائی کے اوپر درج ہو رہا ہے، ظلم کا حساب  اس دنیا میں بھی دینا پڑے گا اور اگلی دنیا میں بھی دینا پڑے گا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ان کو پتہ چل رہا تھا کہ بڑی ذلت آمیز شکست ہونے والی ہے، جب نتائج آنا شروع ہوئے تو پتہ چلا ڈسکہ اور وزیر آباد تو دور کی بات نوشہرہ میں شیر نے ان کے گھر میں گھس کے مارا، اب لاکھ اپنا منہ چھپاؤ، مریم نواز نے کہا کہ بجلی، گیس،چینی کی چوری کے بعدالیکشن کمیشن کے عملے کوچوری کیا،عمران کی بے وقوفی نے ڈسکہ کاالیکشن پورے پاکستان کاالیکشن بنادیا،عوام جاگ رہے ہوں توووٹ چورکی کوئی ترکیب کامیاب نہیں ہوتی۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن ہونا چاہیے، دھند بہت تھی اس لیے پتہ نہیں چلا کہ بکسہ کدھر ہے اور ڈسکہ کدھر، دھند زیادہ ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن کا عملہ بھی گم ہوگیا، دھند میں ڈپٹی کمشنر، آر پی او، آئی جی، چیف منسٹر  اور حکومت بھی گم ہوگئے، ڈسکہ میں پہلی بار ایسی دھند پڑی کہ جس میں موبائل کے سنگل بھی بند ہوگئے،22کروڑ عوام کی نظریںالیکشن کمیشن پر ہیں۔