وفاقی دارالحکومت میں سفاری ٹورسٹ ٹرین کا افتتاح ہوگیا

685

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سیاحت کے فروغ کے لیے وفاقی دارالحکومت میں ٹورسٹ سفاری ٹرین کا افتتاح کر دیا ہے جبکہ پہلی  ٹرین راولپنڈی سے گولڑہ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسلام آباد میں ٹورسٹ سفاری ٹرین کے افتتاح کے موقع پر وزیر ریلوے اعظم خان سواتی بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ موجود رہے جبکہ ٹرین کی افتتاحی تقریب گولڑہ ریلوے اسٹیشن پر ہوئی جس کے لیے پہلی ٹرین راولپنڈی سے گولڑہ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے ٹورسٹ ٹرین ہر اتوار کو گولڑہ سے اٹک خورد ریلوے اسٹیشن تک چلا کرے گی جبکہ سفاری ٹرین سیاحوں کو حسن ابدال اور اٹک تک کے سیاحتی مقامات کی سیر کرائے گی ، تاہم افتتاح کے موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ریلوے کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور ایوان بالا پاکستان ریلویز کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کرے گا۔

صادق سنجرانی نے کہناتھا کہ ریلوے معیشت کیلیے ریڑھ کی ہڈی ہے اور ریلوے کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت ملک کے دور دراز علاقوں تک میں ریل کو لے جائے گی۔

وزیرریلوے اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ حکومت ریلوے سے پچاس سال کی گندگی نکال رہی ہے جبکہ ریلوے میں موجود کالی بھیڑوں کو نشان عبرت بناؤں گا ، ریلوے کی وجہ سے سیاحت ترقی کرتی ہے، ریلوے ملازمین کی تنخواہیں ڈبل کروں گا ، اولین ایجنڈا ریلوے سے کرپشن کا خاتمہ ہے ، میڈیا ریلوے کی کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرے۔

اعظم خان سواتی کا مزید کہناتھا کہ کرپشن کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے، دنیا ریلوے کے ذریعے معیشت چلا رہی ہے ہم ٹرانسپورٹ پر لگے ہیں، ریلوے کو پاکستان کی امانت کے طور پر آگے برھانا ہے۔