الیکشن کمیشن فاتح امیدوار کا اعلان کرے، فردوس عاشق

308

لاہور: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز نے ووٹ کو عزت دو کا جھوٹا نعرہ لگایا ، جعلساز راجکماری نے چوری کا الزام مخالفین پر ڈال دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن ن لیگ کی ڈکٹیشن پر جمہوری عمل میں رکاوٹ کی بجائے فاتح امیدوار کا اعلان کرے۔

تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹوئٹر پر کیا اور کہا کہ راجکماری این اے 75 میں مسترد ہونے کے بعد جھوٹی پٹاری لےکر پھر میدان میں ہے۔

معاون خصوصی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ن لیگی ایم ، پی اے عادل چٹھہ کو ووٹوں کا تھیلا لیکر بھاگتے سب دیکھ چکے ہیں اور اس کے باوجود جعلساز راجکماری نے اپنی چوری کا الزام مخالفین پر ڈالا۔

فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی کارکنان کو ن لیگ کے مسلح کارکنوں کے آگے ثابت قدم رہنے پر مبارک باد پیش کی جبکہ  معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان نے منشیات فروش ٹولے کو ہمیشہ کےلیے چلتا کردیا ، ن لیگ کا نوشہرہ کی جیت پر جشن اور ڈسکہ کی ہار پر دھاندلی کا رونا ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کی ڈکٹیشن پر جمہوری عمل میں رکاوٹ کی بجائے فاتح امیدوار کا اعلان کرے۔