محمد رضوان اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا‘ عماد وسیم

439

کراچی(نمائندہ خصوصی)کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ایک انٹرویو میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی کارکردگی میں غیر معمولی بہتری کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں وکٹ کیپر بلے باز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ 32 سالہ عماد وسیم نے انکشاف کیا کہ وہ وکٹ کیپر بلے باز کی ترقی سے خوش تھے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ کراچی کنگز کے علاوہ باقی ٹیموں کے خلاف پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد رضوان نے واقعی سخت محنت کی ہے اور اللہ تعالٰی نے انہیں اس کا صلہ دیا ہے۔ وہ اس وقت جس فارم میں ہیں ہمارے لئے بہت اچھا ہوتا اگر ہم انہیں اپنے سکواڈ میں رکھ پاتے کیوں کہ اس سے ہماری ٹیم اور بھی مضبوط ہوتی، بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوگا۔مجھے لگتا ہے کہ وہ ہم سب میں سب سے بہتر کھلاڑی ہیں، انہوں نے بہت سارے لوگوں کو غلط ثابت کیا جو بہت بڑی چیز ہے، آپ کو سخت محنت کرنی چاہئے اور سب کو غلط ثابت کرنا چاہئے۔عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میں رضوان کے لیے کہی جانے والی اچھی باتوں پر بہت خوش ہوں، مجھے امید ہے کہ وہ پی ایس ایل میں ہمارے علاوہ باقی تمام ٹیموں کے خلاف یقینا بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔