کپتان اچھا پرفارم کرے تو ٹیم پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے ، سہیل اختر

267

کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل کھیلنے والی متحرک ترین فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہاہے کہ اچھی پرفارمنس کیلئے بڑی محنت کی ہے، کپتان اچھا پرفارم کرے تو ٹیم پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے میں اپنی پرفارمنس سے ٹیم کیلیے آسانیاں پیدا کروں گا۔اپنے بیان میں کپتان سہیل اختر نے کہاکہ سال بھر متحرک رہنے والی فرنچائز لاہور قلندرز کی قیادت کرنا اعزاز ہے،میں نے زندگی میں بہت مشکلات دیکھی ہیں میرا یہاں تک سفر بڑا ٹف رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے لیے ٹرائیلز دینا ہی میرے کیرئیر کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، عاقب جاوید اور ثمین رانا نے مجھے موقع دیا۔سہیل اختر نے کہا کہ مجھ پر بہت کام کیا گیا مجھے ٹرینر دیا گیا، میرا ڈائٹ پلان بنایا گیا میں نے سب پر سختی سے عمل کیا اور پھر سب کی توقعات پر پورا ترنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ اچھا پرفارم کروں اور ٹیم کو جتوائوں ٹیم کا کمبی نیشن بھی اچھا ہے، گزشتہ ایڈیشن میں فائنل ہارے اب فائنل جیتنا ہدف ہے۔