پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ایک کھلاڑی کورونا کا شکار

82

کراچی (سید وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل ایک پلیئر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ایک پلیئر اور ایک آفیشل کو بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر آئیسو لیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جمعہ کی شب رات گئے، پاکستان سپر لیگ میں پہلی گیند پھینکے جانے سے 18 گھنٹے قبل ایک پریس ریلیز جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایک پلیئر کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔پریس ریلیز کے مطابق اس پلیئر کو ابتداء میں علامات ظاہر ہونے کے بعد آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا، کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پلیئر کو مزید 10 روز آِئیسو لیشن میں رہنا ہوگا اور اسکواڈ واپس جوائن کرنے سے قبل دو نیگیٹیو ٹیسٹ لازمی ہوں گے۔پی سی بی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایک اور ٹیم کے ایک پلیئر اور ایک آفیشل کو بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر 3 روز کیلیے آئیسو لیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔بورڈ کے مطابق ان افراد نے بائیو سیکیور ببل سے باہر تیسرے فرد سے ملاقات کی تھی ، ان دونوں کو بھی اسکواڈ واپس جوائن کرنے سے قبل 2 نیگیٹیو ٹیسٹ رزلٹ لانا ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پلیئر اور آفیشل نے پریکٹس سیشن کے دوران ٹیم کے مالک سے ملاقات کرلی تھی ، ٹیم مالک بائیو سیکیور ببل کا حصہ نہیں تھے۔