پنگریو، منڈیوں میں تاجروں نے ٹماٹروں کی خریداری بند کردی

114

پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو اور زیریں سندھ کی دیگر منڈیوں میں تاجروں نے کسانوں سے ٹماٹروں کی خریداری بند کردی، جس کی وجہ سے کسانوں نے ٹماٹر مویشیوں کو کھلانا اور ضائع کرنا شروع کردیے ہیں۔ پنگریو، ٹنڈو باگو، بدین، شادی لارج سمیت ضلع بدین اور زیریں سندھ کے دیگر شہروں کی ٹماٹر منڈیوں میں ٹماٹروں کے ڈھیر لگ گئے اور ملکی ضرورت کے مقابلے میں بہت زیادہ مقدار میں ٹماٹر منڈیوں میں آنے کے باعث تاجروں نے کسانوں سے ٹماٹروں کی خریداری بند کردی ہے، جس کی وجہ سے کسان اپنے ٹماٹر منڈیوں سے واپس لانے پر مجبور ہوگئے اور انہوں نے اپنے ٹماٹر مویشیوں کو بطور چارہ کھلانا شروع کردیے ہیں جبکہ متعدد کسانوں نے ٹماٹروں کے کھیتوں میں ہل چلا دیے۔ کسانوں کے مطابق گزشتہ چند روز میں ٹماٹروں کی قیمتوں میں زبردست کمی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کسانوں کو معاشی نقصان ہورہا تھا مگر اب تو تاجروں نے ٹماٹروں کی خریداری سرے سے بند کردی ہے۔ اس حوالے سے تاجروں نے بتایا کہ کسانوں نے ٹماٹر کی کاشت تیز کردی، جس کی وجہ سے بہت زیادہ مقدار میں ٹماٹر منڈیوں میں آرہا ہے، ملکی ضرورت سے زیادہ ٹماٹر آنے کے باعث اس کی خریداری عارضی طور پر بند کی گئی ہے جوکہ ایک دو روز میں دوبارہ شروع کردی جائے گی۔ اس حوالے سے کاشتکار تنظیم کے سرپرست اعلیٰ فیاض شاہ راشدی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ٹماٹرکی فصل اب پک کر تیار ہوئی ہے جوکہ مارکیٹ میں لائی جارہی ہے۔ ایک طرف تو سندھ میں ملکی ضرورت سے زیادہ مقدار میں ٹماٹر کی پیداوار حاصل ہورہی ہے تو دوسری طرف وفاقی حکومت نے ایران سے ٹماٹروں کی درآمد جاری رکھی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے اب تاجروں نے سندھ کے کسانوں سے ٹماٹر خریدنا ہی بند کردیے ہیں اور کسان بھاری لاگت سے تیار ہونے والی اپنی ٹماٹر کی فصل تلف کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے طرز عمل سے سندھ کے کسان آئندہ ٹماٹر کی فصل کاشت کرنے سے گریز کریں گے، جس کا ملکی زرعی معیشت اور عوام پر منفی اثر پڑے گا۔