حلیم عادل شیخ کی گرفتاری غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، سمیع اللہ ابڑو

457

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ملیر کے ضمنی انتخابات میں گرفتار اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کہ شہر کے مختلف روڈ راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، جہاں مظاہرین نے حکومت سندھ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ضلعی صدر انجینئر سمیع اللہ ابڑو، جنرل سیکرٹری عبدالرئوف کورائی، خلیل الرحمن، عاشق جتوئی، بشیر سانگی، وزیر بلیدی، عاجز بگٹی و دیگر کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ سندھ حکومت نے حلیم عادل شیخ کو غیرقانونی طریقے سے گرفتار کرکے غیر جمہوری روایت قائم کی ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کے ظالمانہ کردار کیخلاف آواز بلند کی اور سندھ کے حقوق کے لیے اسمبلی سے لے کر سڑکوں تک آواز بلند کی اور ہر فورم پر سندھ حکومت کو ان کے کارناموں پر عیاں کیا اور سندھ حکومت نے خوفزدہ ہوکر حلیم عادل شیخ کو گرفتار کروایا۔ حلیم عادل شیخ کو فوری طور پر رہا نہیں کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔