کوٹری، 6 سالہ بچہ سیف علی گھر کے باہر نہر میں ڈوب گیا

111

کوٹری (بیورو رپورٹ) 2 کم سن لڑکے پانی میں ڈوب گئے۔ کوٹری کے علاقہ کرم دین گوٹھ کے رہائشی 6 سالہ بچہ سیف علی ولد زاہد علی گھر سے باہر کھیلنے نکلا تھا جو کہ نہر کے پاس کھیلتے ہوئے پانی میں ڈوب گیا، جس کی لاش سول اسپتال کوٹری لائی گئی، جہاں ڈاکٹر نے موت کی تصدیق کی۔ دوسرے واقعے میں بھٹائی کالونی میں گھر میں پانی کے ٹینک میں 10 سالہ زین لغاری ڈوب گیا۔ دوسری جانب کوٹری صنعتی زون سے ملحقہ علاقہ گوٹھ قادن شورو کے رہائشی قبول شورو امدا پنہور اور اصغر سولنگی کی قیادت میں درجنوں مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بااثر سرمایہ دار نے محکمہ سائٹ کے ساتھ ملی بھگت کرکے زمین غیر قانونی طور پر لیز کراکر قدیمی گاؤں کا راستہ بند کردیا، جس کی وجہ سے سیکڑوں مکینوں کو آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری قدیمی گاؤں کا راستہ بحال کیا جائے، بصورت دیگر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔