ٹنڈو آدم ،آٹے کا بحران ،70 روپے فی کلو فروخت

91

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم میں آٹے کا بحران آٹا 65 تا 70 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا، چکی مالکان کا محکمہ خوراک کے حکام کیخلاف مظاہرہ نعرے بازی، کوٹا ہڑپ کرنے کا الزام۔ ٹنڈوآدم میں آٹے کا بحران بدستور برقرار ہے، آٹا 65 تا 70 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے، جس کے باعث غریب طبقہ سخت مشکلات کا شکار ہے۔ آٹا چکی مالکان کی جانب سے کوٹا نہ ملنے پر محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ڈی ایف سی اور مقامی فوڈ گودام کے انچارج کیخلاف نور خان راجپوت، اشرف مغل، جمن کوری، غلام رسول ڈاہری اور دیگر کی سربراہی میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ان چکی مالکان نے شکایت کی کہ محکمہ خوارک کے حکام نے ہمارا کوٹا مبینہ طور پر فروخت کرکے بڑا پیسہ کمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 دن میں فی چکی کو 44 بوریاں دینی ہیں مگر ہمیں صرف 16 بوریاں دی جارہی ہیں اور اس پر بھی 500 روپے فی بوری پر رشوت لی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ہم اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے پر مجبور ہیں۔ مہنگی گندم کی خریداری کی وجہ سے آٹا مہنگا ہوتا ہے، کئی مرتبہ احتجاج کیا شکایات کیں مگر کوئی نہیں سنتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چکی مالکان کو کوٹے کے مطابق گندم فراہم کی جائے، بصورت دیگر دھرنے بھی دیں گے اور عدالت سے رجوع کریں گے۔