ملک میں مہنگائی کی بدترین صورتحال ہے، حزب اللہ جکھرو

295

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماءصوبہ سندھ علامہ حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی بدترین صورتحال ہے عوام پریشان اور حکومت واپوزیشن کے رہنماءگالم گلوچ کی سیاست کررہے ہیں۔ ناکام حکمرانوں نے غریبوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ سائٹ ایریا میں اکبر علی تنیو کی عیادت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے صرف پیٹرول پر 68 روپے ٹیکس لے کر حکمران عیاشی کررہے ہیں۔ بجلی اور گیس کے بھاری بلز نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے۔ عام اشیاءکی قیمتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں ،کنٹرول کا نظام مفلوج ہوگیا ہے۔ اسلامی حکومت کا قیام ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ جب تک قرآن وسنت کا نظام نافذ نہیں ہوگا خوشحالی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار بیٹھے ہیں، میرٹ ختم ہوگیا ہے۔ حکومت روزگار کے دروازے بند کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سرکاری اسکولز میں تعلیمی نظام کا معیار بہتر کیا جائے، تعلیم مفت کی جائے، میٹرک اور انٹر کی فیس ختم کی جائے، غریب عوام ایک طرف مہنگائی دوسری طرف بھاری تعلیمی فیسز اور مہنگے علاج کی چکی میں پس چکا ہے۔ حکومت تعلیم، صحت کی سہولت کو مفت کرے۔ جماعت اسلامی عوام کو بنیادی سہولیات مفت فراہم کرے گی۔ موجودہ طاغوتی اور ظالمانہ نظام سے نجات صرف جماعت اسلامی دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 73 سال سے عوام کا خون چوسا جارہا ہے، بنیادی سہولیات سے عوام محروم ہیں، اب قوم چوروں کا ساتھ چھوڑ دے۔ اس موقع پر مولانا نذیر احمد تنیو، سید اظہر علی شاہ، روشن علی تنیو، حافظ عبدالحلیم تنیو بھی موجود تھے۔