پی ڈی ایم کی جیت عوامی ریفرنڈم ہے، ناصرحسین شاہ

131

کراچی (آن لائن)صوبائی وزیراطلاعات وبلدیات سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم جماعتوں کی واضح اکثریت حکومت کے خلاف عوامی ریفرینڈم ہے۔حکمرانوں کی نااہلی نالائقی اور اقرباپروری نے عوام کاجینا عذاب بنادیا ہے۔ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست خان صاحب کے لئے خاموش پیغام ہے کہ وہ اب گھرجائیں۔ ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شیرو دن بھرامن وامان کوخراب کرکے عوام کوپولنگ اسٹیشن آنے سے روکتے رہے۔ صوبائی حکومتیں بھی یوتھیوں کے آگے بے بس نظرآئیں۔سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ ان شاءاللہ مارچ میں بلاول زرداری کی قیادت میں عوام کو سلیکٹیڈ حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پولیس بااختیاراور آزاد ہے اگرکسی نے قانون شکنی کی ہے توبھگتے ،ہم پی ٹی آئی کے کم ظرف حکمراں نہیں جو اداروں کواپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کریں۔