ضمنی انتخابات‘ پی ڈی ایم کی کامیابی حکومت کیخلاف ریفرنڈم ہے‘ناصر حسین

68

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم جماعتوں کی واضح اکثریت حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے، حکمرانوں کی نا اہلی نالائقی اور اقربا پروری نے عوام کاجینا عذاب بنا دیا ہے، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست خان صاحب کے لیے پیغام ہے کہ وہ اب گھر جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے امن و امان پامال کرکے عوام کو پولنگ اسٹیشن آنے سے روکتے رہے۔ صوبائی حکومتیں بھی بے بس نظرآئیں۔ ناصرحسین نے کہا کہ مارچ میں عوام کو سلیکٹڈ حکمرانوںسے نجات دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پولیس بااختیار ہے اگر کسی نے قانون شکنی کی ہے توبھگتے ،ہم پی ٹی آئی کے کم ظرف حکمران نہیں جو اداروں کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کریں۔وفاق نے نیب اور دیگر اداروں کواپوزیشن کے خلاف استعمال کیا۔خان صاحب اور حلیم عادل سیاستدان نہیں اداکار اور بد زبان ہیں۔ تعمیری سوچ اورسیاست پی ٹی آئی کے قریب سے نہیں گزری۔سندھ حکومت اپنی ذمے داریوں سے آگاہ ہے۔