ضمنی الیکشن نے عمران خان کا اوپن بیلٹ کاڈراما بے نقاب کردیا، لیاقت بلوچ

151

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی و صدر مجلس قائمہ سیاسی امور، لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ضمنی انتخابات میں عمران خان کا اوپن بیلٹ انتخابی ڈراما فلاپ اور بری طرح بے نقاب ہو گیاہے ۔دونوں بڑی سیاسی چڑیلوں نے سیاسی جمہوری عمل اور ووٹ کے تقدس کو پامال کردیا ہے ۔ عمران خان سرکار شفا ف ،غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں ناکام ہو گئی ہے ۔ ناکام و نااہل عوام دشمن حکومت خود سیاسی محاذ پر شدت اور انارکی پھیلا رہی ہے ۔حکومت اپنی ناکامیوں کی اصلاح اور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے فاشسٹ طرز سیاست پر عمل پیراہے ۔ ملک گیر اور بھر پور احتجاج اور تحریک ہی بحرانوں کا حل ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اوکاڑہ میں ڈاکٹر لیاقت علی کوثر مرحوم کے تعزیتی ریفرنس اور صحافیوں سے گفتگو اور منصورہ میں دیر ، سوات و پنجاب کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں سیاسی ، آئینی اور پارلیمانی بحران خطرناک انجام کی طرف بڑھ رہاہے ۔ حکومت اور قومی قیادت تیزی سے بندگلی کی طرف دوڑتے چلے جارہے ہیں ۔شخصی گلیمر ، خاندانوں ، دھڑوں ، مال و زر کی سیاست دم توڑ رہی ہے ۔ ریاستی طاقت سے انتخابات کی انجینئرنگ فرسودہ اور ناقابل برداشت طریقہ واردات بن گیا ہے ۔ سینیٹ انتخابات ، گلگت بلتستان اور ضمنی انتخابات نے پھر بے نقاب کردیاہے کہ نام نہاد سیاسی جمہوری پارٹیاں خود جمہوریت اور پارلیمانی نظام سے دشمنی کا کردار ادا کررہی ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ داغدار ، جانبدار اور پرتشدد انتخابات جمہوری انتخابی عمل کے لیے جان لیوا بن جائیں گے۔ آئین ، عدلیہ اور عوام کے مسائل کے حل کا تقاضا ہے کہ تمام جمہوری قوتیں قومی ڈائیلاگ پر آمادہ ہوں ۔ قومی ترجیحات پر اتفاق کریں اور انتخابی اصلاحات کرلیں وگرنہ سینیٹ الیکشن کے بعد خوفناک سیاسی بھونچال سب کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ لاپتا افراد کو بازیاب کیا جائے ۔ نائن الیون کے بعد امریکا ، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی خوشنودی کے لیے اختیار کی گئی سیکورٹی حکمت عملی ناکام ہے ۔یہ حکمت عملی عوام ، ریاستی اداروں کے درمیان بے اعتمادی کی خوفناک خلیج پیدا کر رہی ہے ۔ تمام لاپتا افراد کوعدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے یہی قومی سلامتی کے لیے مفید اقدام ہوگا ۔