کورونا سے مزید36ہلاک‘72 ہزار سے زاید ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگادی گئی

165

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 36 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ملک میں 72 ہزار سے زاید ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگا دی گئی۔ ہفتے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 42 ہزار 332 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی ٹیسٹوںکی تعداد 86 لاکھ 44 ہزار 847 ہوگئی۔ مزید ایک ہزار340 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح مجموعی کیسزکی تعداد 5 لاکھ 69 ہزار 846 ہوگئی۔موجودہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار 81 ہوگئی ہے۔ کورونا سے مزید 36 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 12 ہزار 563 ہوگئی ہیں۔ ایک ہزار 362 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد5 لاکھ 33 ہزار 202 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میںگزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید9 مریض فوت ہوگئے‘12205 ٹیسٹ کیے گئے جس سے391 نئے کیسز سامنے آئے‘ مزید 468 مریض صحت یاب ہوئے‘ اس وقت 12655مریض زیر علاج ہیں‘394 کی حالت تشویشناک ہے جن میں 54 کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق391 نئے کیسز میں سے 226 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔ علاوہ ازیں خطرناک عالمی وبا کورونا وائرس کی حفاظتی ویکسین کی ایک اور کھیپ کراچی پہنچا دی گئی۔ ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا وائرس کی حفاظتی ویکسین سائنو فارم کی ایک لاکھ 21 ہزار ڈوز کراچی پہنچائی گئی ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر نے کہا ہے کہ صوبوں کو فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے ویکسین فراہم کرنے کا سلسلہ جا رہی ہے‘ ملک میں تقریباً 72 ہزار 882 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکز کو ویکسین دی جا چکی ہے‘ سب سے زیادہ ویکسین سندھ کو فراہم کی گئی جس کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار ہے۔ پنجاب کو ایک لاکھ 18 ہزار، خیبر پختونخوا کو28 ہزار، بلوچستان کو 16 ہزار، اسلام آباد کو ساڑھے 15 ہزار، آزاد کشمیر کو 11 ہزار اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار ویکسین ڈوز فراہم کی گئی ہیں۔ این سی او سی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کے لیے مجموعی طور پر 3 لاکھ 14 ہزار 500 ویکسین ڈوزفراہم کی جا چکی ہیں۔این سی او سی کے مطابق مارچ کے آخر تک 56 لاکھ ویکسین ڈوز پاکستان پہنچیں گی ۔