پنجاب: بڑے شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کیلیے ڈیٹا کلیکشن شروع

199

ملتان (اے پی پی) پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹس کیلیے ڈیٹا کا حصول شروع کر دیا گیا ہے، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، سرگودھا اور راولپنڈی بھی ان شہروں میں شامل ہیں، اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹس پر 600 ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے، دوسری طرف ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے ان پروجیکٹس کیلیے ابتدائی طور پر 15 ملین ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے، پروجیکٹس کی تیاری اور ڈیٹا کے حصول کیلیے حکومت پنجاب کے مشیروں نے مختلف محکموں کے دورے بھی کیے ہیں۔ گزشتہ روزمشیر رانا جاوید اقبال ٹیم کے ساتھ ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس پہنچی اور کمپنی کے منیجر آپریشنز داؤد مکی اور منیجر فنانس ساجد ریاض سے ملاقات کی اور ملتان شہر میں پیدا ہونے والے کل ویسٹ اور کمپنی کی استعداد، کمپنی کی مشینری کی تعداد اور اس کی موجودہ حالت کے بارے میں دریافت کیا اور کمپنی کے ملازمین کی تعداد اور ملتان شہر کے رقبے کے بارے میں بھی معلومات لیں۔ مشیر حاصل کیے گئے ڈیٹا کی بنیاد پر ماسٹر پلان تیار کرے گا جس کی منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔