ہائیکورٹ حملہ کیس‘21 وکلا کیخلاف تحریری فیصلہ جاری

96

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہا ئیکورٹ حملہ کیس میں ملوث21 وکلا کے خلاف کارروائی سے متعلق کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے حکمنامہ جاری کیا۔ حملے میں ملوث وکلا کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ تحریری حکمنامے کے مطابق گرفتار وکلا کے خلاف عدالتی نوٹس سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھیجے جائیں، آئندہ سماعت سے پہلے تمام فریقین عدالت میں تحریری جواب جمع کرائیں۔ حکمنامے کے مطابق اسکروٹنی کمیٹی نے ہائیکورٹ حملے میں ملوث150 وکلا کی نشاندہی کی ہے، 21 وکلا کے خلاف مس کنڈکٹ پر ابتدائی کارروائی شروع کی گئی۔ تحریری حکمنامے میں بتایا گیا کہ8 فروری کوکچھ وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بلاک پر حملہ کیا، وکلا نے ہائیکورٹ پر حملے کے دوران چیف جسٹس بلاک میں توڑ پھوڑ کی، مشتعل وکلا نے چیف جسٹس سمیت تمام ججز کو4 گھنٹے تک محصور رکھا اور سائلین کو حصول انصاف سے دور رکھا گیا۔ پاکستان بار کونسل، اسلام آباد بار کونسل نے ہائی کورٹ پر حملے کی مذمت کی اور پاکستان بار کونسل نے حملے میں ملوث وکلا کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ہائی کورٹ حملے میں ملوث وکلا کی نشاندہی بارز خود کریں کیس پر مزید سماعت25 فروری کو کی جائے گی۔