الیکشن چرانے کی بھونڈی کوشش کی گئی‘شاہد خاقان عباسی

135

اسلام آباد ( آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئررہنمااورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کب تک عوام کی امانت میں خیانت اور نا انصافی ہوتی رہے گی ،الیکشن چرانے کی بھونڈی کوشش کی گئی، 20 پریذائیڈنگ افسران نتائج سمیت لاپتا ہوئے،اوپر سے نیچے تک تمام سرکاری مشینری اور افسران بے بس ہے ،الیکشن ختم ہونے کے 13 گھنٹے بعد لوگ سامنے آتے ہیں ، ریٹرننگ افسران نے تاخیر سے پہنچنے کے انوکھے بہانے پیش کیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ (ن) لیگ نے ضمنی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کی، ڈسکہ میں فائرنگ پر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی،این اے 75 میں اضافی وقت مانگنے کے باوجود نہیں دیا گیا، ریٹرننگ افسران کوئی بات سننے کو تیار نہ تھے، شدید دباؤ کا شکار تھے، 20 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ نہیں آیا، پریزائیڈنگ افسر بھی ریکارڈ سمیت غائب ہوگئے ۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ صوبائی سیٹوں پر (ن)لیگ جیت گئی ہے اور ڈسکہ میں کامیابی حاصل کرلی تھی تاہم تاریکی میں عملے کو غائب کر کے نتائج کو تبدیل کر دیاگیا،ڈسکہ میں پی ٹی آئی کے مشیر ،معاون خصوصی اور وزرا اسلحہ کے ساتھ پورا دن گھومتے رہے ،کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے مطابق 20 پولنگ اسٹیشنوں پر سویلین لوگ آئے اور پرائیوٹ گاڑیوں میں عملے کو لے گئے ،ان پرائیویٹ لوگوں کا تعلق زمینی مخلوق سے نہیں ہے،رات 3 بجے کے بعد آئی جی پنجاب بھی غائب ہوگئے،انتظامیہ اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی لاپتا ہو گئے،یہ ملک میں ہو کیا رہا ہے ، اوپر سے نیچے تک ساری انتظامی مشینری مفلوج ہے ، چیف سیکرٹری بے بس ہے، آئین بے بس ہے، انتظامیہ بے بس ہے،الیکشن کا عملہ پولنگ ختم ہونے کے 13 گھنٹے بعد آر او کے پاس پہنچا،جب تک ووٹ چوری ہو گا، آر او اغوا ہوں گے ملک نہیں چل سکتا ، جنرل الیکشن سے کچھ نہیں سیکھاگیا اور اب ضمنی الیکشن میں بھی دھاندلی کر رہے ہیں ۔