عریشہ سٹی کے الاٹیز کی پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمے داران سے ملاقات

130

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے سیکرٹری نجیب ایوبی سے ادارہ نورحق میں قائم ’’عوامی مسائل بیٹھک‘‘ میں عریشہ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے وفد نے ملاقات کی اور المنزل بلڈرز اینڈ ڈیولپر کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں سجاداحمد ،غلام مصطفی ودیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر کوآپریٹیو سوسائٹی سیل کے نگران شاہد فرمان ، سیکرٹری اطلاعات فائق علی ،امین الدین دانش و دیگر بھی موجود تھے۔نجیب ایوبی نے عوامی مسائل بیٹھک میں وفد کا خیر مقدم کیااور ان کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی ان کے جائز حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور ہر ممکن قانونی مدد اور کوشش کرے گی ،کسی کوبھی الاٹیز کا حق نہیں مارنے دیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے ایک خصوصی سیل قائم کیا ہوا ہے اور متاثرین کو ریلیف دلانے کے لیے کوشاں ہیں۔ وفد نے بتایا کہ عریشہ سٹی سوسائٹی کا انفرااسٹرکچر مکمل نہیں ، رہائشی یونٹ بالکل رہنے کے قابل نہیں ہے ،سوسائٹی بنیادی ضروریات سے محروم ہے ، بلڈرز نے تمام چارجز بشمول پزیشن لیٹر کے کاغذات بھی الاٹیز کو دے دیے ہیں ،وفد نے مزید بتایا کہ بلڈرز نے تعمیر بینک کی مدد سے لیز کاغذات رکھنے والے الاٹیز کے نام پر ان کی رضامندی کے برخلاف اور ان کے علم میں لائے بغیر بینک لون بھی لیا ہوا ہے جس کے نوٹس الاٹیز کے پاس پہنچے تو الاٹیز کواس فراڈ کے بارے میں معلوم ہوا ۔نیب میں الاٹیز نے بلڈرز کے خلاف کیس فائل کیا جس پر نیب میں بلڈرزنے پلی بارگین کر کے اپنے تمام فراڈ کا اقرار اور الاٹیز کی جانب سے کی گئی تمام مشکلات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کو نیب نے اپنے آرڈر 27-02-2011 میں تحریر بھی کیا تھا۔وفد نے بتایا کہ گزشتہ 2 سال سے بلڈر اور ڈیولپر نمائشی کاموں سے نیب اور الاٹیز کو دھوکا دے رہا ہے جس پر الاٹیز نے نیب سے دوبارہ رجوع کرتے ہوئے بلڈرز کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کردیا ہے ۔جولائی 2020ء میں نیب کورٹ نے ڈی جی نیب کو اس معاملے کو فوری طور پر حل کرنے اور کارروائی مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا کہالیکن آج بھی صورتحال جوں کی توں ہے اور بلڈرز کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کررہا ہے ۔وفد نے جماعت اسلامی سے مسائل حل کرانے کی درخواست کی ہے ۔