خاندان ایک الہامی بنیاد اور ہمارا امتیاز ہے، رخشندہ منیب

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت حلقہ خواتین کی مرکزی مہم’’ مضبوط خاندان محفوظ عورت مستحکم معاشرہ‘‘ کے سلسلے میںحلقہ جات و علاقہ جات کی ذمے داران اور مدرسین کے پلاننگ اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں نائب ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان ایک الہامی بنیاد ہے جو بی بی حوا اور حضرت آدم علیہ السلام سے وجود میں آیا ، خاندانی نظام ہمارا امتیاز ہے ، اسلامی تعلیمات سے انحراف کی وجہ سے آج خاندان زبوں حالی کا شکار ہے۔ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم نے نئی تنظیم سازی اور جماعت اسلامی کی شناخت کو واضح کرنے کے اہداف مقرر کرتے ہوئے کہا کہ سرد گرم حالات میں تحریکی افراد اپنے اہداف سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ انہوں نے فیلڈ اور سوشل میڈیا پر مہم کی بھرپور تشہیر کی ہدایت کے ساتھ کارکنان جماعت کو وقت کے اس اہم محاذ کی اہمیت سمجھنے اور سیکھنے پر زور دیا۔آخر میں قرار داد پیش کرتے ہوئے متعلقہ ارباب اختیار پر زور دیا گیا کہ ٹی وی چینلز اپنے ڈراموں میں استحکام خاندان، رشتوں میں محبت اور مثبت سوچ کو پروان چڑھائیں، پروگرام کا اختتام نائب ناظمہ کراچی سمیہ عاصم کے دعائیہ کلمات سے ہوا۔