نوشہرہ میں پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی کو ہرایا‘شوکت یوسفزئی

45

پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخواکے صوبائی وزیرمحنت وثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ نوشہرہ کی سیٹ پرشکست پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہے،ڈسکہ میں( ن) لیگ کی تمام تر غنڈہ گردی کے باوجود پی ٹی آئی کامیاب ہوئی، حکومت ڈسکہ میں احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ کی غنڈہ گردی پر ایکشن لے گی۔نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی بری شکست پراپنے وڈیو بیان میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو پتا ہے کہ نوشہرہ کے صوبائی حلقے میں شکست پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہے، نوشہرہ میں پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی کو ہرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں دونوں قومی اسمبلی کی نشستیں جیتنا تحریک انصاف کی بہت بڑی کامیابی ہے، تحریک انصاف کا مقابلہ کسی ایک جماعت سے نہیں 11 جماعتوں سے تھا، 11 جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف کوکامیابی سے نہیں روک سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں تمام تر غنڈہ گردی کے باوجود پی ایم ایل این کو شکست ہوئی ،کرم میں جے یو آئی کی سیٹ تحریک انصاف نے جیت لی ہے، جے یوآئی کی سیٹ پر شکست کے بعد مولانا فضل الرحمن کو پی ڈی ایم کی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔