موٹروے زیادتی کیس: پولیس نے ملزمان کیخلاف چالان جمع کرادیا

111

لاہور (نمائندہ جسارت) پولیس نے سیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس کے ملزمان کیخلاف چالان عدالت میں جمع کروا دیا، چالان 200 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس میں 40 گواہوں کو شامل کیا گیا ہے، گواہان میں متاثرہ خاتون، مقدمے کا مدعی اور 15 پر کال کرنے والا شخص بھی شامل ہے، سانحے کے وقت موجود خاتون کے 3 بچوں کو گواہوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ ملزمان کیخلاف جیل میں ٹرائل کا آغاز کیا جائے گا، ٹرائل انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کریں گے، اسپیشل پراسیکیوٹر وقار عابد، حافظ اصغر اور عبدالجبار پیش ہوں گے۔ چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے عابد ملہی اور شفقت کی شناخت پریڈ جیل میں کی، متاثرہ خاتون کا 3 مرتبہ بیان ریکارڈ کیا گیا، عابد ملہی اور شفقت سے آلہ ضرب اور پستول اور موبائل بھی برآمد کیا گیا، عابد ملہی نے خاتون سے لوٹی 1 لاکھ سے زائد کی رقم خرچ کردی اور سونے کے کڑے اور اے ٹی ایم بھی برآمد نہیں ہوا، شفقت عرف بگا نے اقبال جرم کرکے دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کرا دیا، عابد ملہی نے اعتراف جرم کیا اور دفعہ 161 کا بیان ریکارڈ کروایا، ملزمان نے بتایا جب خاتون نے انکار کیا تو بچوں کو مارنے کی دھمکی دی۔ عابد ملہی اور شفقت کا ڈی این اے میچ کرچکا ہے۔ عابد ملہی کا ڈی این اے فورٹ عباس 2013ء کے واقعے سے بھی میچ کرگیا تھا، فورٹ عباس کے مقدمے سے تفتیش کا آغاز ہوا۔