لاپتا افراد کو بلا تاخیر سامنے لایا جائے ، دردانہ صدیقی

115

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ لاپتا افراد کو بلا تاخیر سامنے لایا جائے، موجودہ اور سابق حکومتوں نے وعدے اور دعوے تو بہت کیے مگر لاپتا افراد کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ، ہرسیاسی جماعت برسر اقتدار آنے سے پہلے لاپتا افراد کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اوربازیابی کے لیے عملی اقدامات کے دعوے کرتی ہے مگر گزشتہ کئی برس سے لاپتا افراد کی خواتین ،مائیں، بہنیں ،بیویاں اسلام آباد کی سڑکوں پر ماری ماری پھر رہی ہیں اور ان کا کوئی پُرسان حال نہیں ۔ موجودہ حکومت کو بھی ان کے دکھ اور تکلیفوں سے کوئی غرض نہیں ۔ ان کے زخموں کا مرہم اور دکھوںکا مداوا ان کے پیاروں کی واپسی ہے جس کی آس لگائے وہ زندگی کے کٹھن مراحل طے کر رہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاپتا افراد کی خواتین کے ساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کے دعویدار ان بے سہارا اور مجبورخواتین کی ذہنی اذیت اور کرب کو محسوس کریں۔حکومت میں آنے سے پہلے جو احساس سب کی تقاریر اور بیانات میں نظر آتا ہے وہ حکومت میں آجانے کے بعد کہاں کھوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بغیر فرد جرم عاید کیے اور بنا قصور بتائے افراد کو نامعلوم مقامات پرمنتقل کردینا بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے اوراسلامی جمہوری مملکت کا آئین اور قانون بھی اس بات کی اجازت نہیں دیتا ، لاپتا افراد اور ان کے لواحقین بھی اس وطن کے باشندے ہیں ، ان کی دادرسی کی جائے۔لاپتا افراد کو بلا تاخیر سامنے لایا جائے۔ اگر انہوں نے کوئی جرم کیاہے تو عدالت میں پیش کیا جائے تا کہ ان کے اہل خانہ قانونی چارہ جوئی کر سکیں۔