جماعت اسلامی خواتین رہنماؤں کی شازیہ حسن سے ملاقات

312

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی نائب ناظمہ کراچی ثناء علیم، وومن ورکنگ جماعت اسلامی کی ڈاکٹر شمائلہ نعیم، میڈیا سیل کراچی کی نگراں ثمرین احمد، صحافی افشاں مراد اور غزالہ عزیز نے کراچی پریس کلب کی نومنتخب نائب صدر شازیہ حسن سے ملاقات کی اور کراچی پریس کلب کی نائب صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور گلدستہ پیش کیا ۔ملاقا ت میں خواتین کو درپیش مسائل بالخصوص ورکنگ ویمن کی مشکلات و پریشانیوں ،میڈیا کے معاشرے میں کردار و اثرات اور پیش کیے جانے والے ڈراموں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نائب ناظمہ کراچی ثنا علیم نے 10فروری تا10 مارچ تک جاری حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ’’مضبوط خاندان،مضبوط عورت،مستحکم معاشرہ ‘‘مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ تمام خواتین نے الیکٹرانک میڈیا کی بے لگام آزادی اور خواتین کے منفی کردار کو اجاگر کرنے کے رجحان کی مذمت کی،اور اس بات کا اعادہ کیا کہ الیکٹرونک میڈیا میں ایک سازش اور منصوبے کے تحت عورت کے کردار کو مسخ کرکے دکھایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ہمارا مضبوط خاندانی نظام کمزور ہو رہا ہے۔اس موقع پر شازیہ حسن نے کہا کہ پریس کلب خواتین صحافیات کی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔اچھا رپورٹر اور اسٹوری رائٹر اپنی مثبت سرگرمیوں سے معاشرے کی خدمت کرتا ہے۔