اسلام آباد‘لاپتا افراد کے لواحقین کا دھرنا، وزیراعظم کا نوٹس

187

اسلام آباد (خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے لاپتا افراد کے لواحقین کے اسلام آباد میں جاری احتجاجی دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں سے جلد ملاقات کرنے اور حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے لاپتا افراد کے لواحقین کے ڈی چوک پر جاری احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کے افراد سے ملاقات کی۔ شیریں مزاری نے وزیراعظم کا پیغام پہنچایا جس میں انہوں نے لاپتا افراد کے لواحقین کو احتجاجی دھرنا ختم کرنے کی درخواست کی۔ وزیراعظم کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ لاپتا افراد کے لواحقین کی نمائندہ کمیٹی سے جلد ملاقات کریں گے‘ لاپتا افراد کی فہرست وزیرانسانی حقوق کو فراہم کریں تا کہ متاثرہ خاندانوں کے نمائندگان سے ملاقات سے قبل ان کے پیاروں کی تفصیلات اور موجودہ صورتحال کا پتا چلایا جا سکے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری سے ملاقات کے دوران متاثرہ خاندانوں نے اپنے پیاروں کی ترجیحی بنیادوں پر بازیابی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انسدادِ اسمگلنگ اور ٹیکسوں کی پڑتال و تعمیل کے باب میں بے خوف اقدامات کے ذریعے7 ماہ کے محصولاتی اہداف حاصل کرنے پر میں ایف بی آر کے عملے کی کارکردگی کو سراہتا ہوں‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹرانسفارمیشن پلان اور جدید ترین ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم حاصل کرنے پر ایف بی آر صدر دفتر کی ٹیم کو بھی شاباش دیتاہوں‘جولائی2021ء میں پوری فعالیت کے بعد اس سے اربوں روپے کے اضافی محاصل میسر ہوں گے‘ جعل سازی کا خاتمہ ہوگا اور قانون کے نفاذ کی راہ ہموار ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان اپنے ایک ٹوئٹ میں سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے کی جانب سے ان کو سری لنکا دورہ کرنے کی دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے سے دونوں ممالک کی دوستی کو تقویت ملے گی۔