پی پی وزرا کی ادارہ نورحق آمد۔ سینیٹ الیکشن میں حمایت مانگ لی

251
صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی ادارہ نورحق میں مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ،رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید ودیگر سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے 2رکنی وفد ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے ہفتے کے روز ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور 3مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے پیپلزپارٹی کے امید وار کو ووٹ دینے کی درخواست کی ۔جماعت اسلامی نے وفد کو بتایا کہ مرکز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے بھی لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے ان سے حمایت حاصل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے وزرا نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی جن میں مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو ،امیرکراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امرا راجا عارف سلطان ،مسلم پرویز،سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان ،امیر ضلع جنوبی ورکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید،سابق سندھ رکن اسمبلی بابو غلام حسین ، امیر ضلع شمالی محمد یوسف اور سیکرٹری اطلاعات زاہدعسکری شامل تھے ۔پی پی وفد نے سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن کی حمایت حاصل کرنے کے لیے درخواست کی ۔ ملاقات میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے عوامی مسائل بالخصوص شہر قائد کی ابتر صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے صوبائی وزرا سے کہاکہ سندھ حکومت کی ذمے داری ہے کہ ایسے ٹھوس اقدامات اور فیصلے کیے جائیں کہ عوام کو فوری طور پر ریلیف مل سکے ۔