‘ سویلین کپڑوں میں لوگ پریذائیڈنگ افسران کو لے گئے ‘

397

ن لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 20 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ نہیں آیا، پریذائیڈنگ افسر بھی ریکارڈ سمیت غائب ہوگئے، لوگ بتاتے ہیں سویلین کپڑوں میں لوگ پریذائیڈنگ افسران کو لے گئے۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ این اے 75 میں اضافی وقت مانگنے کے باوجود نہیں دیا گیا، 361 میں سے 341 پولنگ اسٹیشن کے نتائج نہیں آئے ریٹرننگ آفیسر کوئی بات سننے کو تیار نہ تھے شدید دباؤ کا شکار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ این اے 75 میں الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی گئی، این اے 75 ڈسکہ میں بدترین دھاندلی ہوئی، ن لیگ نے ضمنی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کی، ڈسکہ میں فائرنگ پر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔

انہوں نے کہا کہ آر او کے دفتر سے 20 کلومیٹر دور 20 پولنگ اسٹیشنوں کا رزلٹ نہیں آیا، جنرل الیکشن سےکچھ نہیں سیکھااوراب ضمنی الیکشن میں بھی دھاندلی کررہے ہیں ہم کب ووٹ کو عزت دیں گے،آج پوراپاکستان کہہ رہاہےکہ ووٹ کو عزت دو۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کا عملہ پولنگ ختم ہونے کے تیرہ گھنٹے بعد آر او کے پاس پہنچا جب تک ووٹ چوری ہوگا، آر او اغوا ہوں گے، ملک نہیں چل سکتا۔