مہنگائی کا نیا طوفان، کئی اشیا کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

346

مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے بری خبر ہے کہ حکومت نے یوٹیلٹی  اسٹورز پر کئی اشیا کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کا کوکنگ آئل اور گھی  45 روپے فی لٹر تک مہنگا ہوگیا، گھی کی فی کلو قیمت میں 26 روپے تک اضافہ ہوا جب کہ خشک دودھ اور بچوں کا دودھ 100 روپے تک مہنگا ہوا۔

ٹی وائٹنرز 600 گرام 32 روپے مہنگا کردیا گیا، دیسی گھی کی ایک کلو قیمت میں 197 روپے اضافہ ہوا۔ اسٹیشنری آئٹم کی قیمتوں میں 13 روپے اضافہ ہوا جب کہ شیمپو کی بوتل 6 سے 30 روپے تک مہنگی ہوگئی۔ کولڈ ڈرنکس کی قیمتوں میں 15 روپے تک اضافہ ہوا۔

دوسری جانب ایف بی آر نے چینی کی درآمد پر سیلز اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی چھوٹ دے دی، چینی درآمد پر17 فیصد سیلز ٹیکس اور 3 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی چھوٹ دی گئی۔

ایف بی آر نے درآمدی چینی پر ٹیکسز میں چھوٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق درآمدی چینی پر سیلز ٹیکس چھوٹ کا اطلاق 30 جون تک کیلئےہوگا، حکومتی فیصلے کے تحت 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کی جائےگی۔