این اے 75 کی صورتحال پر الیکشن کمیشن کا اعلامیہ جاری

691

این اے 75 میں پیش آنے والی صورتحال پر الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر کو 20 پولنگ اسٹیشن کے نتائج میں ردوبدل کا خدشہ ہے۔ مکمل انکوائری رپورٹ بغیر نتیجہ جاری کرنا ممکن نہیں۔

جب کہ حلقے میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار نے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست دی۔ درخواست میں کہا گیا کہ 23 پولنگ اسٹیشن کا عملہ انتخابی نتائج سمیت غائب ہے۔ اب تک 335 اسٹیشنز کے نتائج مرتب کیے گئے۔ آر او نے عملے کی بازیابی سے متعلق بےبسی کا اظہار کیا۔

نوشین افتخار نے کہا کہ مسنگ نتائج کے حوالے سے شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ نتائج معطل کر کے فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔ صورتحال کے جائزے تک نتیجہ روک دیا جائے، ڈسکہ کے 36 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

جب کہ درخواست پر چیف الیکشن کمشنر نے سینئر افسران سے مشاورت کی۔ این اے 75 کے ریٹرننگ افسر سے صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ ن لیگ کی نتیجہ روکنے کی درخواست پر مشاورت کی گئی، چیف الیکشن کمشنر کچھ دیر میں فیصلہ کریں گے۔