قومی کرکٹ ٹیم دورہ افریقا کیلیے چارٹر طیارے پر روانہ ہوگی

248

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ اسکواڈ نے مارچ کے آخر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرنا ہے جس کے پہلے مرحلے میں پاکستان ٹیم وائٹ بال کرکٹ کھیلے گی اور اس کے بعد ٹیم نے زمبابوے جانا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کے دورے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور پہلے مرحلے میں مارچ کے آخر میں اسکواڈ نے جنوبی افریقا جانا ہے جہاں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جوہانسبرگ اور سینچورین میں کھیلی جانی ہے جب کہ اپریل کے وسط میں پاکستان ٹیم ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز زمبابوے میں کھیلے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ایک ساتھ خصوصی طیارے پر سفر کریں گے کیونکہ کمرشل فلائٹس پر سفر خطرے سے خالی نہیں ہو گا اس لیے خصوصی طیارے سے جانے کا پلان کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی افریقا میں ہی ٹریننگ کریں گے۔