پی ایس ایل کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مد مقابل ہونگے

324

کراچی (سید وزیر علی قاری)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا ایڈیشن آج ہفتہ سے کراچی میں شروع ہوگا۔ لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ لیگ کا دوسرا سیزن ہوگا جو پوری طرح سے پاکستان میں منعقد ہوگا۔لیگ میں6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی، جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔ لیگ میں شامل ان6 ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جا ئیں گے۔کراچی کنگز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کرئے گی۔ لیگ کے پہلے 20 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ناک آئوٹ اور فائنل سمیت بقیہ 14میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ ڈبل رائونڈ روبن اور پلے آفس میچز کھیلے جائیں گے۔ پی ایل ایل ٹی -20فارمیٹ کی کرکٹ ہے جس کا پہلا ایڈیشن 2016میں کھیلا گیا تھا۔ لیگ کے ابتدائی روز ایک میچ کھیلا جائیگا، جس میں دفاعی چمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کریں گے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 8 بجے شروع ہوگا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ این سی او سی نے پاکستان سپر لیگ کے میچوں میں تماشائیوں کے لیے ایس او پیز جاری کردی ہیں۔ اسٹیڈیم میں آنے والوں کو ایک میٹر کے فاصلے پر بیٹھنا ہوگا۔2 افراد کے درمیان 2 سیٹیں چھوڑی جائیں گی اور ایک قطار کا فاصلہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ پی سی بی پہلے ہی ا سٹیڈیم کے پاس 5 بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال قائم کر چکا ہے۔اس ہسپتال میں ہر وقت ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف موجود ہوگا۔گرائونڈ کے اندر اور باہر فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا۔لیگ میں شرکت کے لئے غیر ملکی کھلاڑ ی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔