مستقبل کے ستاروں کے پاس خود کومنوانے کا بہترین موقع

246

کراچی (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ ہر سال ابھرتے ہوئے نوجوان ستاروں کواپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔یہ لیگ ان باصلاحیت کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ پی ایس ایل اپنے گزشتہ 5 ایڈیشنز میں شریک نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم ثابت ہوچکا ہے۔ حسن علی اس پلیٹ فارم کی سب سے نمایاں مثال ہیں، جنہوں نے پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے خود کو ایک نامورکھلاڑی کی حیثیت سے منوالیا۔پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان سپر لیگ اپنے ا سٹیج سے شاداب خان، حیدر علی، عمر خان، ارشد اقبال اور روحیل نذیر جیسے کھلاڑیوں کو بھی متعارف کروا چکا ہے۔ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں شریک تمام 6 ٹیمیں اس مرتبہ بھی اپنے پلیٹ فارمز سے2 نئے ایمرجنگ کھلاڑیوں کو متعارف کروارہی ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد وسیم جونئیر ایک باصلاحیت میڈیم فاسٹ بولر ہیں۔محمد وسیم جونیئر گزشتہ سال جنوبی افریقامیں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کا حصہ تھے۔