پاکستان، افغانستان میں امن خطے کے مفاد میں ہے، آرمی چیف

341
راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف ملاقات کررہے ہیں

راولپنڈی ( خبرایجنسیاں) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی صدر کے نمائندہ برائے افغانستان ضمیر کبلوف اور امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر جنرل ایف کینتھ مکنزی نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق روسی صدر کے نمائندے نے جمعے کو جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف سے روسی نمائندے نے تفصیلی ملاقات کی، جسمیں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان میں جاری امن عمل میں ہونے والی پیش رفت بھی زیر غور آئی‘ آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک میں امن خطے کے بہترین مفاد میں ہے‘ افغانستان میں امن پاکستان کے لیے اہمیت رکھتا ہے اورپاکستان افغانستان میں امن کی کوششوں کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ روسی نمائندے نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پاک روس تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے‘ دونوں جانب سے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق پایا گیا۔ دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر جنرل ایف کینتھ مکنزی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی ، علاقائی سیکورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور افغان مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں افغان صورتحال کے سیاسی حل کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔