سفاک شوہر نے انشورنس کی رقم کیلئے بیوی کو پہاڑ سے دھکا دے دیا

390

انقرہ: ترکی میں سفاک شوہر نے درندگی کی تمام حدیں پار کردیں، حاملہ بیوی کو سیروتفریح کے بہانے پہاڑ کی چوٹی پر لیجا کر سیلفیاں بنائیں اور پھر دھکا دے دیا۔

ترک میڈیا کے مطابق واقعہ ترک شہر مگلا میں پیش آیا جہاں ہیکن نامی لالچی شوہر نے لائف انشورنس کی رقم ہتھیانے کے لیے مبینہ طور پر بیوی کو پہاڑ سے دھکیل کر موت کے گھاٹ اتار دیا، ترکی کے پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ قتل کا یہ واقعہ جون سال 2018 میں پیش آیا تھا، ابتدائی طور پر شوہر نے اسے ایک حادثہ قرار دیا تھا لیکن تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ طور پر لائف انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے لیے بیوی کو پہاڑ کی چھوٹی سے گرا کر مارا ہے۔

پراسیکیوشن کے مطابق شوہر نے اس شرمناک اقدام سے قبل تین گھنٹے پہاڑ پر انتظار بھی کیا تاکہ اطراف سے لوگ چلے جائیں بعد ازاں اس نے موقع دیکھ کر بیوی کو نیچے پھینک دیا،سمرا نامی بیوی موت کے وقت 7 ماہ کی حاملہ تھیں لیکن سفاک شوہر کو زرا بھی رحم نہ آیا، پہاڑ سے نیچے گرنے سے خاتون سمیت کوکھ میں موجود بچہ بھی انتقال کرگیا تھا۔

ظالم شوہر جب انشورنس کی رقم لینے متعلقہ ادارے پہنچا تو انتظامیہ نے پیسے دینے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ ابھی واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، بعد میں شک کی بنیاد پر ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں آئی اور حقیقت بے نقاب ہوگئی۔