راولپنڈی: کشمیر پریمیئر لیگ کا میدان 16 مئی سے سجے گا

767

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی بھرپور کامیابی کے بعد رواں برس آزاد کشمیر میں کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا آفیشل ترانہ ‘آزادی’ بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ ، آزاد کشمیر میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والا پہلا میگا کرکٹ ایونٹ ہے جو 16 سے 27 مئی تک آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کھیلا جائے گا۔

کشمیر پریمیئر لیگ کا سلوگن ‘کشمیر پریمئیر لیگ ۔۔۔ کھیلو آزادی سے’ سے ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اس کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں جبکہ اس کا ترانہ  عالمی شہرت یافتہ گلوکار و موسیقار استاد راحت فتح علی خان نے گایا ہے۔

https://twitter.com/kpl_20/status/1361660824285306882

خیال رہے کے پی ایل 6 ٹیموں پر مشتمل ہوگی جن میں راولا ہاکس، کوٹلی پینتھرز، میرپور رائلز، مظفرآباد ٹائیگرز، اوورسیز واریئرز اور باغ اسٹالینز شامل ہیں جبکہ کشمیر پریمیئر لیگ کے میچز راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ، مظفرآباد کرکٹ گراؤنڈ اور میرپور کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔

کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے بتایا کہ لیگ کا بنیادی مقصد کشمیر کاز کو فروغ دینا ہے لہذا ہماری کوشش ہوگی کہ اسے کشمیری عوام کے قریب سے قریب لے جائیں جبکہ ملک بھر سے 150 سے زیادہ کھلاڑی اس لیگ کے لیے دستیاب ہوں گے جن میں ڈومیسٹک سرکٹ کے کچھ بڑے نام بھی شامل ہیں  اور تمام معروف کھلاڑی جو پی ایس ایل 6 کا حصہ ہیں وہ ڈرافٹ کے لئے دستیاب ہونگے۔

دوسری جانب سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شاہدآفریدی کا کہناتھا کہ وہ کے پی ایل کے قیام پر بہت زیادہ خوش ہیں اور اس کا برانڈایمبیسیڈر بننے پر فخر محسوس کررہے ہیں جبکہ سابق کرکٹر اظہر محمود نے بھی بحیثیت ہیڈ کوچ لیگ میں جوش وجذبے سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیاہے۔