سینیٹ انتخابات: جہانگیر ترین میدان میں آگئے

398

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سینیٹ الیکشن سے قبل ایک بار پھر متحرک ہوگئے، تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں امیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے جہانگیر ترین سے سینیٹ انتخابات میں تعاون مانگا ہے، جس کے بعد جہانگیر ترین نے ناراض حکومتی ارکان سے رابطہ شروع کردیے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ الیکشن میں امیدوار حکومتی امیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے جہانگیر ترین سے رابطہ کیا ہے، حفیظ شیخ نے جہانگیرترین سے سینیٹ الیکشن سے متعلق مدد اور تعاون مانگا ہے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے عبد الحفیظ شیخ کو مدد کی یقین دہانی کرادی ہے اور کہا ہے کہ آپ دوست ہیں مکمل تعاون کروں گا۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے حفیظ شیخ سے کہا کہ آپ ہماری پارٹی کے امیدوار ہیں لازمی سپورٹ کریں گے، جلد اسلام آباد  آکر آپ سے ملاقات بھی ہوگی۔

دوسری جانب جہانگیر ترین نے ناراض حکومتی ایم این ایز سے رابطے شروع کردیے ہیں، جہانگیر ترین نے ذاتی جہاز پر اڑان بھری اور اہم دورے پر فیصل آباد پہنچے، فیصل آباد میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے ان کا استقبال کیا۔ جہانگیر ترین ایم این اے نواب شیر وسیر کے گھر بھی گئے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے راجہ ریاض سے درخواست کی کہ عبدالحفیظ شیخ میرے دوست ہیں، سینیٹ الیکشن میں ان کو سپورٹ کرنا ہے۔ فیصل آباد سے حکومتی ایم این اے خرم شہزاد سے بھی جہانگیر ترین کی ملاقات ہوئی۔ جہانگیر ترین نے ناراض ایم این ایز سے حکومتی امیدوار کو ووٹ دینے کی درخواست کی ہے۔