پی ایس ایل6، ٹکٹوں کی قیمتوں اور تماشائیوں کیلئے پروٹوکولز کا اعلان

503

کراچی:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کے مطابق پی سی بی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے لیگ میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے، جبکہ کوالیفائر، دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ کیلئےایونٹ کے لیگ میچز کی ٹکٹیں www.bookme.pk  پر دستیاب ہوں گی۔ ٹکٹنگ پارٹنر کی اس ویب سائٹ پر آن لائن ٹکٹوں کی فروخت بدھ کی صبح 10 بجے شروع ہوگی۔ بک می ڈاٹ پی کے نے فینز کی سہولت کے لیے ایک فون نمبر (03137786888) بھی مخصوص کردیا ہے، جہاں کوئی بھی شخص فون کال کر کے اپنا ٹکٹ خرید سکتا ہے، اس عمل کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر دینا لازمی ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا ،جو 22 مارچ تک کھیلی جائے گی۔

جب مذکورہ شخص کی ٹکٹ کنفرم کردی جائے گی تو اسے اپنے رجسٹرڈ کروائے گئے فون نمبر پر ایک ٹوکن نمبر بھیجا جائے گا، جس پر ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے ٹکٹ کی رقم جمع کروائی جاسکے گی۔ رقم جمع کروانے پر مذکورہ شخص کو ایک ای ٹکٹ کوڈ بھجوایا جائے گا، جس کا پرنٹ یا ایس ایم ایس دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

کراچی میں ٹکٹ کی قیمت پانچ ہزار، چار ہزار، تین ہزار، دوہزار اور 500 روپے طے کی گئی ہے، لاہور میں ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار، 2 ہزار، ایک ہزار اور 5 سو روپے ہوگی۔

تماشائیوں کے لیے این سی او سی سے منظور شدہ ایس او پیز کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر تھوکنے پر پابندی ہوگی، جبکہ میڈیکل ماسک پہننا لازمی ہوگا، ماسک کے بغیر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔