آرمی چیف کا چھور میں ٹریننگ ایریا کا دورہ

498

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تھر کےعلاقے چھورمیں ٹریننگ ایریا کا دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے علاقے میں جاری فوجی مشق کا معائنہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تھر کے علاقے چھور ٹریننگ ایریا کا دورہ کیا، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ سپہ سالار نے جاری تربیتی مشقکا مشاہدہ کیا، آرمی چیف کو مشق کمانڈر کی جانب سے مشقوں کے طریقہ کار اور مقاصد پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر انہوں نے پاک فوج کے تربیت کے معیار کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے فارمیشن کی آپریشنل اور جنگی ماحول میں آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مشقوں میں شریک افسران اور جوانوں کے تربیتی معیار کو سراہا اور کہا کہ مسلسل تربیت اور بلند معیار امن کی ضمانت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ جنگی مشقیں صحرائی علاقوں میں جنگی استعداد کار بڑھانے کیلئے کی جارہی ہیں، جنگی مشقوں جدار الحدید میں انفنٹری کے دستے شرکت کر رہے ہیں، اور یہ مشقیں 28 فروری تک جاری رہیں گی۔